اسلام کی حکمرانی سے سامراجی طاقتوں کو ہمیشہ منہ کی کھانا پڑی: رہبر انقلاب اسلامی - خیبر

اسلام کی حکمرانی سے سامراجی طاقتوں کو ہمیشہ منہ کی کھانا پڑی: رہبر انقلاب اسلامی

25 نومبر 2018 17:25

رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جس جگہ بھی عوام کے دلوں پر اسلام نے حکمرانی کی ہے وہاں سامراجی طاقتوں کو منھ کی کھانی پڑی ہے۔ آپ نے فرمایا کہ اس خطے کے بعض ممالک اسلام اور قرآن کی پیروی کے بجائے، امریکا کی اطاعت کرتے ہیں۔

خیبر صہیون تحقیقاتی ویب گاہ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی نے ہفتہ وحدت کے عنوان سے اسلامی ملکوں کے سفیروں اور بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے مندوبین سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: دنیا جہالت کی تاریکیوں میں غرق تھی کہ خدا وند عالم نے بشریت کو نور رسول اسلام کا تحفہ دیا۔ آپ نے فرمایا کہ آج بھی اگر اس نور کی پیروی کی جائے تو اس کا نتیجہ نجات اور کامیابی کی شکل میں ظاہر ہو گا۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اگر انسانیت فکری بلوغت کو پہنچ جائے اور پیغمبر اسلام کی دعوت پر لبیک کہے تو اس کی ساری مشکلات و مسائل حل ہو جائیں۔

آپ نے فرمایا کہ آج بھی سامراجی طاقتوں کے ظلم کی وجہ سے دنیا قبل از اسلام کے دور کی مانند تاریکیوں میں گرفتار ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بشریت مشکلات و مسائل میں گرفتار ہے اور یہ بات صرف اسلامی دنیا سے مخصوص نہیں ہے بلکہ وہ ممالک بھی جو بظاہر ترقی یافتہ ہیں، بہت زیادہ مشکلات و مسائل سے دوچار ہیں اور اسلام ان تمام مشکلات و مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔

آپ نے فرمایا کہ جس جگہ بھی عوام کے دلوں پر اسلام نے حکمرانی کی ہے وہاں سامراجی طاقتوں کو منھ کی کھانی پڑی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اس خطے کے بعض ممالک اسلام اور قرآن کی پیروی کے بجائے، امریکا کی اطاعت کرتے ہیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ امریکا اپنی سامراجی سرشت کی وجہ سے، ان ملکوں کی توہین اور تحقیر کرتا رہتا ہے چنانچہ آپ سب نے دیکھا کہ امریکا کے بد زبان صدر ٹرمپ نے سعودی حکام کو کس طرح دودھ دینے والی گائے سے تشبیہ دی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے ان تحقیروں کو سعودی عرب کے عوام اور خطے کی اقوام کی توہین قرار دیا اور فرمایا کہ اس خطے کے اسلامی ملکوں کے بعض حکام نے فلسطین اور یمن کے تعلق سے اپنے دو خیانت آمیز اقدام کے تحت امریکا کا ساتھ دیا، لیکن یقینا کامیابی اور فتح فلسطین اور یمن کے عوام کی ہو گی اور امریکا اور اس کی اطاعت کرنے والے شکست کھائیں گے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ اس خطے میں امریکا اور صیہونی حکومت پہلے سے زیادہ کمزور ہوئے ہیں۔
آپ نے فرمایا کہ صیہونی حکومت کو تینتیس روزہ جنگ میں حزب اللہ سے شکست ہوئی، دو سال بعد فلسطینیوں کے مقابلے میں بائیس دن سے زیادہ نہ ٹک سکی۔ اس کے بعد غزہ پر اس کی جارحیت آٹھ دن میں ہی شکست پر منتج ہوئی اور ابھی ایک ہفتہ قبل غزہ پر جارحیت میں اس کو دو دن میں ہی شکست کا منھ دیکھنا پڑا۔
آپ نے فرمایا کہ یہ ساری شکستیں اور ناکامیاں غاصب صہیونی ریاست کے روز بروز کمزور سے کمزور تر ہونے کا ثبوت ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے تمام تر دباؤ اور سختیوں کے مقابلے میں چالیس سال سے جاری ایرانی عوام کی استقامت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکا اور صہیونی ریاست ایران کو دھمکیاں دے رہے ہیں لیکن وہ نہ اب تک ایران کا کچھ بگاڑ سکے ہیں اور نہ ہی آئندہ اس کا کچھ بگاڑ سکیں گے۔
آپ نے فرمایا کہ ہمیں یقین ہے کہ اس خطے میں سامراج کو ایک بار پھر اسلامی بیداری سے منھ کی کھانی پڑے گی۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ خطے کی نجات اسلامی بیداری کی تقویت میں ہے۔ آپ نے فرمایا کہ میں تمام مسلم اقوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اسلامی بیداری کی تحریک کی زیادہ سے زیادہ تقویت کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ختم شد؍خ؍۱۰۰۰۳

  • facebook
  • googleplus
  • twitter
  • linkedin
  • linkedin
  • linkedin
لینک خبر : https://kheybar.net/?p=15485

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے