ایران کی طرف پلٹ آنے کی سعودی آمادگی! - خیبر

ایران کی طرف پلٹ آنے کی سعودی آمادگی!

16 اکتوبر 2018 23:13

مسٹر ٹرمپ نے جتنا چاہا سعودیوں کو لوٹا؛ کھربوں ڈالر کا اسلحہ انہیں زبردستی فروخت کیا ۴۶۰ ارب ڈالر کا ہتھیاروں کا سودا کیا اور ساتھ ہی ان کی تحقیر، تذلیل اور توہین کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا؛ پھر سعودیوں نے ایک عجیب غلطی کا ارتکاب کرتے ہوئے اپنے حامی صحافی جمال خاشقجی کو سعودی قونصلیٹ کے اندر بلوا کر اغوا یا درندگی کا نشانہ بنا کر قتل کیا جس کے بعد امریکی صدر نے پہلی بار سعودیوں کو شدید سزا کی وعید دے کر آخرکار سعودیوں کی میٹھی نیندوں کو خوفناک سپنوں میں تبدیل کردیا۔ (۱)

خیبر صہیون تحقیقاتی ویب گاہ: جیسا کہ میں پہلے بھی لکھتا رہا ہوں اور بہت سے ہم فکر تجزیہ نگاروں کی بھی رائے ہے کہ سلامتی کے حوالے سے ریاض کا واشنگٹن پر اعتماد کرنا اور درنوئی طور پر (Endogenously) سلامتی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں علاقائی صلاحتیوں کو نظر انداز کرنا، سعودی عرب اور علاقے کی سلامتی کی ضمانت نہيں دے سکے گا اور اس سلسلے میں بہترین راستہ، علاقے کے مسلم ممالک کے درمیان تعاون اور اس مسئلے کا ادراک ہے کہ امن و سلامتی کو نہ خریدا جاسکتا ہے اور نہ ہی درآمد کیا جاسکتا ہے۔
بنی سعود پر حالیہ ایک سال سے شدید تنقید کرنے والے صحافی جمال خاشقجی کے اغوا یا قتل کے واقعے سے پہلے تک، ٹرمپ نے درمیانی مدت کے انتخابات کے سلسلے میں منعقدہ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے اپنی بھنیا پن پر مبنی پالیسیوں کی کامیابی کا ڈھنڈورا پیٹتے ہوئے سعودی عرب کی مثال دیتے رہے اور اس تیل کی دولت سے مالامال اس ملک کے سلسلے میں تذلیل آمیز الفاظ کے ساتھ بروئے کار لا کر، اس ملک سے امریکہ کو حاصل ہونے والی آمدنی کی مثال دیتے اور کہتے رہے کہ “سعودی عرب ایک شیردار گائے ہے اور ہم اسے دوہتے رہیں گے اور جب اس کا دودھ سوکھ جائے گا تو اسے ذبح کریں گے”۔
ٹرمپ نے شاہ سلمان کی حکومت کے لئے “شیردار گائے” کا لفظ استعمال کیا اور یہ بات سب کو جتا دی کہ “ہمارے لئے محض سعودی تیل کی دولت اہمیت رکھتی ہے اور مزید کچھ نہیں”۔ امریکی صدر نے بدھ ۳ اکتوبر ۲۰۱۸ع‍کو میسیسیپی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا: “ہم سعودی عرب کی حفاظت کرتے ہیں؛ یقینا آپ کہیں گے کہ وہ صاحب ثروت ہیں، البتہ میں شاہ سلمان کو دوست رکھتا ہوں تاہم میں نے ان سے کہا کہ اے بادشاہ! ہم تمہاری حفاظت کرتے ہیں، آپ ہماری حفاظت و حمایت کے بغیر دو ہفتے بھی قائم نہیں رہ سکتے ہو چنانچہ تمہیں ہماری حفاظت کے اخراجات ادا کرنا پڑیں گے”۔
انھوں نے اس سے بھی تین ہفتے پہلے ۳۰ ستمبر ۲۰۱۸ع‍کو سعودی بادشاہ کی اعلانیہ توہین کرتے ہوئے شاہ سلمان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: میں نے بادشاہ سلمان سے کہا: “آپ کے پاس کھربوں ڈالر دولت ہے، اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی مدد کے بغیر نہ جانے کیا مصیبت سعودی بادشاہت پر نازل ہوگی؛ حتی تم اپنے طیارے کو بھی محفوظ نہیں رکھ سکوگے کیونکہ اس پر حملہ ہوگا”۔
جیسا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے کئی بار علاقائی کھلاڑیوں کو تعاون کا ہاتھ بڑھایا کیونکہ مشرق وسطی کی سلامتی اور علاقائی بحرانوں کا حل علاقائی کھلاڑیوں کے باہمی تعاون اور علاقے کی اندرونی صلاحیتوں اور امکانات و وسائل ہی کا سہارا لے کر کسی صورت میں ہی ممکن ہے اور جیسا کہ مختلف حادثات اور بحرانوں میں ثابت ہوا ہے، بیرونی طاقتوں کا سہارا لینا اور علاقے کے اندرونی تعاون کی طرف عدم توجہ، نہ صرف بحرانوں کے حل کا سبب نہیں بنتی بلکہ بحران کی کیفیت وسیع سے وسیع تر اور علاقائی کشمکش اور تناؤ میں شدت آنے کا باعث بنتی ہے۔
اب بنی سعود کے موجودہ ولیعہد نیز سعودی ـ یہودی تعاون پر شدید تنقید کے حوالے سے شہرت پانے والے مشہور عرب صحافی جمال خشقجی منگل ۲ اکتوبر ۲۰۱۸ع‍کو استنبول میں واقع سعودی قونصلیٹ میں داخل ہونے کے بعد لاپتہ ہوئے تو بنی سعود کی حکومت کو ٹرمپ کی بےحرمتیوں سے بھی زیادہ بیرونی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس بار سعودیوں نے سابقہ شرمناک خاموشی کو توڑ کر امریکی صدر کی “سخت سزا” کی دھمکی کا نرم سے جواب دے دیا اور ٹرمپ کی دھمکی کے ایک روز بعد سعودی ٹی وی چینل “العربیہ” کے ایک ڈائریکٹر “ترکی بن عبداللہ الدخیل” نے امریکہ کو دھمکی دی کہ “ریاض کے پاس بھی واشنگٹن کا مقابلہ کرنے اور صدر ٹرمپ کا جواب دینے کے لئے متعدد سبیلیں موجود ہیں۔ الدخیل نے اتوار ۱۴ اکتوبر ۲۰۱۸ع‍کو العربیہ چینل کی ویب گاہ پر انگریزی زبان میں ایک یادداشت لکھ کر ریاض کے پاس مقابلہ کی روشوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی قیمت ۲۰۰ ڈالر فی بیرل تک پہنچانا اور ڈالر کو چھوڑ کر دوسری کرنسیوں کی طرف رخ کرنا نیز ایران کے مقابلے میں موجودہ سعودی رویہ تبدیل کرنا، ان ہی روشوں میں سے ہیں۔
الدخیل نے واضح کیا کہ “ممکن ہے کہ تیل کی قیمت ڈالر کے بجائے چینی یوآن جیسی کسی متبادل کرنسی کی بنیاد پر متعین کی جاسکتی ہے۔ تیل آج کی تاریخ میں اہم ترین پیداوار ہے جو ڈالر کے بدلے فروخت کیا جاتا ہے۔ اور اگر ایسا ہوا تو مشرق وسطی کا پورا خطہ ایران کے قابو میں آئے گا جبکہ ایران کا سعودی عرب کے ساتھ قریبی ہوگا”۔
اگرچہ دوسرے دن ـ الدخیل کے پیغام سے پیدا ہونے والے تنازعے کے پیش نظر ـ (سوموار کے روز) امریکہ میں سعودی سفیر کے مشیر اعلی “فیصل بن فرحان” نے ٹویٹ پیغام میں العربیہ چینل کے ڈائریکٹر کی دھمکی آمیز یادداشت کو ان کی ذاتی رائے قرار دیا اور لکھا کہ یہ سعودی حکومت کا موقف نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود یہ ایک حقیقت ہے کہ العربیہ کے ڈائریکٹر کی یادداشت بنی سعود کی اطلاع اور منظوری کے بغیر شائع نہیں ہوئی ہے اور اس کا مقصد امریکی دھمکیوں کے جواب میں واشنگٹن کو پیغام پہنچانا تھا، کہ ایسا بھی ہوسکتا ہے۔
بےشک استنبول کے سعودی قونصلیٹ سے خاشقجی کا لاپتہ ہوجانا، ایک ناپسندیدہ اور نفرت انگیز عمل ہے لیکن ریاض کے پیغام اور ٹرمپ کی دھمکیوں پر اس کا رد عمل بظاہر ایران کی طرف پلٹ آنے کے رجحان کا پتہ دیتا ہے، جس کا مطلب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ ریاض کے حکام اپنے ذہن کے کونوں کھدروں میں بڑی طاقتوں کے مقابلے میں اسلامی ممالک کے آپس کے تعاون کی طاقت اور مثبت اثرات سے واقف ہیں اور یہ اعلانیہ اعتراف اسلامی اقوام کے درمیان اتحاد اور تعاون کی طرف چل نکلنے کی طرف ایک اشارہ ہے۔ (۲)
علاقائی اور بین الاقوامی تحقیقاتی اداروں کی رپورٹوں کے مطابق:
*عالم اسلام کی مجموعی آبادی ڈیڑھ ارب نفوس پر مشتمل ہے اور مسلمانوں کی آبادی دنیا بھر کی مجموعی آبادی کا پانچواں حصہ (one-fifth) ہے؛
* مشرقی ایشیا سے لے کر مغربی افریقہ اور جنوبی یورپ تک ۵۷ ممالک پر مشتمل ہے؛
٭ انڈونیشیا کے جاوا کے جزائر سے لے کر مغربی افریقہ کے آخری نقطے تک، مسلم ممالک کا جغرافیائی طول ۱۵۰۰۰ کلومیٹر ہے اور اس کا جغرافیائی عرض (width) قزاقستان کے انتہائی شمالی نقطے سے سوڈان کے انتہائی جنوبی نقطے تک ۶۰۰۰ کلومیٹر ہے؛
٭ مسلم ممالک ایشیا، افریقہ اور یورپ میں موجود ہیں، اور یورپ اور براعظم امریکہ کے تمام ممالک میں کروڑوں مسلمان قیام پذیر ہیں؛
٭ امت مسلمہ نہ صرف عالمگیر بھی ہے اور دنیا بھر کی تمام اقوام و قبائل سے تعلق رکھتی ہے۔
* اسلامی ممالک وسائل کے لحاظ سے دنیا کے غنی ترین علاقوں میں سے ہیں اور توانائی کے ۷۵ فیصد ذخائر عالم اسلام میں واقع ہیں اور یہ ذخائر پوری دنیا کی صنعت کو حرکت میں لاتے ہیں؛
* عالم اسلام کا جغرافیائی اور تزویری محل وقوع انتہائی اہمیت کا حامل ہے، بہت سے سمندروں اور آبناؤں کا مجموعہ ہے: خلیج فارس، آبنائے ہرمز، باب المندب اور بحر قلزم اور نہر سوئز جیسے علاقے عالم اسلام کے کنٹرول میں ہیں اور ان آبناؤں اور سمندری راستوں کی بنا پر بھی [اور تیل کی بنا پر بھی] عالمی معیشت اور بڑی طاقتوں کی نظریں ان علاقوں پر لگی ہوئی ہیں۔
ایک طرف سے بڑی طاقتیں اپنے جھگڑے مشرق وسطی اور خلیج فارس جیسے تزویری علاقوں میں لڑا کرتی ہیں اور دوسری طرف سے ان ہی کی شرارتوں کی بنا پر مسلم ممالک کے درمیان بھی بےشمار تنازعات موجود ہیں اور ان وجوہات کی بنا پر عالم اسلام کمزور پڑ گیا ہے اور پھر مغربی ممالک اور ان کی طرف کی معاشی پابندیاں بھی ـ جو بعض اسلامی ممالک کو درپیش ہیں ـ ان مشکلات میں مزید اضافہ کر دیتی ہیں۔
چنانچہ اسلامی ممالک کو سر جوڑ کر بیٹھنا چاہئے، مؤثر اور منطقی اقتصادی پالیسیاں وضع کرنے کا اہتمام کرنا چاہئے، آپس کے تعاون کو تقویت پہنچانا چاہئے، تا کہ عالمی سطح پر اپنی طاقت اور کردار کو مستحکم کرسکیں اور امت کی عظمت کے تناسب سے مؤثر عالمی کردار ادا کرسکیں؛ اور یہ سب کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اسلامی ممالک مفاہمت کی راہ اختیار کریں، اختلافات کو ختم کریں اور طاقتور صنعتی اور تجارتی ڈھانچے فراہم کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بقلم: احمد نیک نام
ترجمہ: فرحت حسین مہدوی
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۱۔ ٹرمپ کی ایک خالی خولی دھمکی نے سعودی عرب کی زدپذیری کو ثابت کردیا اور بازار حصص میں شدت مندی دیکھنے میں آئی اور سعودی تاجروں کے درمیان شدید خوف اور مایوسی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ اور پھر ٹرمپ نے سلمان بن عبدالعزیز کے ساتھ بات چیت کی تو ٹویٹر پیغام میں لکھ ڈالا کہ خاشقجی کو غالبان کسی سرکش گروپ نے قتل کردیا ہے اور سلمان بےگناہ ہیں! جس کے بعد حالات بہتر ہوئے جس نے بنی سعود کی زد پذیری کو مزید تقویت پہنچائی اور ٹرمپ کے اس دعوے کو بھی کہ “سعودی حکومت امریکی حمایت کے بغیر دو ہفتے بھی نہیں چل سکتی”۔ گوکہ سی آئی کے سابق ڈی جی جان برنان (John O. Brennan) نے واضح کیا ہے کہ بادشاہ سلمان کی ذہنی اور جسمانی حالت ایسی نہیں ہے کہ وہ خاشقجی کے اغوا یا قتل جیسے مسئلے کے بارے میں خاطر جمعی سے کوئی فیصلہ یا کوئی بات کرسکیں اور خاشقجی کا قتل یا اغوا بن سلمان کے حکم سے ہی انجام پایا ہے۔
۲۔ مضمون نگار نے غالبا بہت خوش فہمی کا اظہار کیا ہے ورنہ تھوڑا سا غور کیا جائے تو امریکہ گذشتہ چالیس برسوں میں سعودیوں کو ایران سے ڈرا ڈرا کر کھربوں کا اسلحہ تین کروڑ آبادی کے اس ملک کو فروخت کردیا ہے اور حال ہی میں تو ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگر عرب ممالک امریکی حمایت سے محروم ہوجائیں اور امریکی اسلحہ نہ خریدیں تو ایران صرف ۱۲ منٹ میں پورے مشرق وسطی پر قبضہ کرلے گا!! چنانچہ الدخیل نے بھی ان ہی کا حربہ استعمال کرتے ہوئے ان ہی کے تخمینوں کا تذکرہ کرکے کہا ہے کہ “اگر ہم ایران مخالف پالیسی تبدیل کریں تو گوکہ ایران ہمارا دوست بنے گا تاہم ایران پورے خطے پر مسلط ہوجائے گا” اور یوں سعودیوں کے اس ترجمان نے امریکہ کو ایران سے خوفزدہ کرکے ان کا سعودی مخالف موقف تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ختم شد؍۱۰۰۰۱

  • facebook
  • googleplus
  • twitter
  • linkedin
لینک خبر : https://kheybar.net/?p=13356

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے