جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سازش سے ایران اور فلسطینی قوم سے دشمنی کی بو آتی ہے




حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سازش سے ایران اور فلسطینی قوم سے دشمنی کی بو آتی ہے۔



خیبر صہیون تحقیقاتی ویب گاہ کے مطابق، اسلامی تحریک مزاحمت نے اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک سرگرم مزاحمتی تنظیم القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سازش کی شدید مذمت کی ہے۔

حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سازش سے ایران اور فلسطینی قوم سے دشمنی کی بو آتی ہے۔ حماس اس سازش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دشمن مسلمان ممالک کی با صلاحیت شخصیات اور رہ نمائوں کو قتل کرکے مسلم امہ کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سازش کا مقصد بھی ایران اور پوری مسلم امہ کو کم زور کرنا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ صہیونی دشمن مسلم امہ کے تمام مراکز اور ستونوں کو گرانا چاہتی ہے تاکہ اس کی توسیع پسندی کا مقابلہ کرنے والے ممالک اور قوتیں دم توڑ جائیں۔

خیال رہے کہ ایرانی انٹیلی جنس سروس نے القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سازش ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی فارس کے مطابق پاسداران انقلاب کی سراغرساں تنظیم کے سربراہ حسین تائب نے میجر جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی سازش کا انکشاف کیا ہے اور یہ دعویٰ کیا ہے کہ یہ سازش ’’اسرائیلی ، عرب‘‘ انٹیلی جنس سروسز نے تیار کی تھی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ختم شد؍۱۰۳